انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: کلکٹریٹ آف انفورسمنٹ کراچی نے مسافربس کے ذریعے ممنوعہ اور مضر صحت انجکشن بوسٹن کی بھاری کھیپ کی کراچی میں اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔کارروائی میں ہزاروں کی تعداد میں انجکشن ضبط کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ۔کسٹمز حکام کے مطابق ملک بھرمیں بوسٹن انجکشن کا کارروبارکافی عرصہ سے کیاجارہاہے۔بوسٹن انجکشن گائے بھیسوں کودودھ کی مقداربڑھانے کے لئے لگائے جاتے ہیں اوریہ دودھ انسانی صحت کے لئے مضرہے۔
تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط مقصود عباسی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ بلوچستان سے بذریعہ بس بوسٹن انجکشن کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ اس اطلاع پر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم نے حب ریور روڈ پر قائم موچکو چیک پوسٹ پر تعینات اے ایس او کی ٹیم نے بلوچستان سے آنے والے بس کو روک کراس کی مکمل جانچ پڑتال کی تو بس کے خفیہ خانہ سے 3250 ممنوعہ بوسٹن انجکشن برآمدہوئے۔
کسٹمز حکام کے مطابق برآمد کئے گئے بوسٹن انجکشن کی مالیت ڈیڑھ کروڑروپے بتائی گئی ہے۔محکمہ کسٹمزنے اس کارروائی میں ایک ملزم کو باضابطہ گرفتار کرکے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کا مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ضبط شدہ بس اور انجکشن کو اے ایس او کے گودام منتقل کردیا گیا۔