انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی:جمہوریہِ قازقستان کے اہم وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کا دورہ کیا جس کا مقصد پاکستان کی بندرگاہوں – کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ پر موجود کاروباری مواقع سے استفادہ کرنے کے لیے ان کی جانچ کرنا تھا۔ بحری وصنعتی امور کے ماہرین پر مبنی9 رکنی وفد کی قیادت جناب مکساٹ مٹاشیو نے کی جن کا تعلق وزارت برائے ریلویز و ٹرانسپورٹ، مملکتِ َِِقازقستان سے تھا۔
اس موقع پر وفدکو کے پی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کی معلومات، آپریشنل صلاحیتیں اور سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئیں۔ بعد ازاں سوالات و جوابات کے سیشن کے دوران معاشی اور کاروباری سرگرمیوں پر صحت افزا گفتگو ہوئی ۔ وفد نے کے پی ٹی کی سہولیات کو پر ستائش انداز میں سراہا اور با ہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نجی ٹرمینلز کا بھی دورہ کیا گیااور وفد نے کراچی پورٹ کی جدید سہولیات کا معائنہ کیا اور مشترکہ طور پر پاکستان کے بحری شعبے میں مستقبل قریب میں مل کر کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ وقت کے ساتھ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔