رپورٹ :عمران خان
کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کراچی ایئرپورٹ کے افسران نے پاکستانی شہریوں کو جعلی امریکی ویزے جاری کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے 5 مشکوک امریکی ویزے پاسپورٹ سمیت ضبط کر لئے۔ فوری تفتیش کے ذریعے ملوث ایجنٹوں کے کوائف حاصل کرکے اہم کیس ابتدائی ثبوت اور شواہد کے ساتھ مزید تحقیقات کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کو بھیج دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے گزشتہ روز محمد مقصود نامی شہری امریکی وزٹ ویزے پر گلف ایئر لائن جی ایف 753 سے امریکہ جارہا تھا کہ مسافر کی دستاویزات کو بورڈنگ کارڈ جاری ہونے کے بعد جنرل ری چیکنگ میں گلف ایئر لائن کے عملے کی سفارش پر چیک کیا گیا۔
ذرائع کے بقول ایف آئی اے امیگریشن شعبہ بین الاقوامی روانگی کے افسران نے جب الٹرا وائلٹ میں مسافر کے پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 10 پر لگے ویزے کو دیکھا تو وہ سکیورٹی فیچرز نہ ہونے پر مشکوک ثابت ہوا۔
بعدازاں مسافر محمد مقصود نے پوچھ گچھ میں انکشاف کیا کہ اس ویزہ کے لئے نے اپنے بھائی جہانگیر کے ذریعے مہیش کمار نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا جس نے انہیں ایک دوسرے ایجنٹ نعیم احمد سے ملوایا۔
مزید معلوم ہوا کہ ملزم نعیم نے 90 لاکھ روپے کے عوض مقصود اور اس کے اہل خانہ کے لئے 5 امریکی ویزے فراہم کرنے کا جھانسا دیا اور بعدازاں معاملہ 60 لاکھ میں طے پا گیا۔
تفتیش میں معلوم ہوا کہ نعیم نے مقصود اس کی اہلیہ، بیٹے اور دو بیٹیوں کے لئے 5 ویزے لگوا کر دیئے۔ محمد مقصود نے آف لوڈ ہونے کے بعد تمام 5 ویزے ایف آئی اے امیگریشن شعبہ بین القوامی روانگی کے اسٹاف کے حوالے کردیئے۔
ایف آئی اے امیگریشن کے شفٹ انچارج کی جانب سے تفصیلی رپورٹ ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی ایئرپورٹ کے علم میں لائی گئی جسے منظوری کے بعد مزید تفتیش کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کردیا گیا۔