اسلام آباد:پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں مالی بے ضابطگیوں کے خلاف ایف آئی اے کو تحقیقات کے لئے خط لکھ دیا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران کے خلاف احتساب کا عمل شروع کردیا۔اس ضمن میں لکھے گئے خط کے مطابق گزشتہ 19 جولائی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر کمیٹی کی وزیراعظم سے میٹنگ ہوئی۔
مذکورہ میٹنگ میں کمیٹی کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات تفصیل سے سامنے لائے گئے اور اس پر بات چیت کی گئی جس کے بعد اس معاملے پر چند تجاویز کی منظوری دےدی گئی۔
خط میں کہا گیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ( پی ایس بی) کے تحت ہاکی کلبس اور انتخابی عمل کی سکروٹنی جلد از جلد کی جائے۔بعد ازاں پاکستان سپورٹس بورڈ کی درخواست پر ایف آئی اے کو ہاکی فیڈریشن کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا گیا۔
خط کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ( ایف ائی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لے۔جبکہ انکوائری کے حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ تمام قانونی تقاضے پورے کرے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صاف و شفاف انتخابات کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔خط میں وفاقی حکومت کا انکوائری اور انتخابات کو اولین ترجیحات پر جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔