کراچی:ڈائریکٹوریٹ آفس کسٹمز انٹیلی جنس گوادر نے گڈانی اور اوتھل چیک پوسٹ کے قریباسمگلروں کے خلاف 4کارروائیوں میں 20 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان بر آمد کرکے 4ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔
ضبط شدہ سامان میں15کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ چھالیہ ،بھارتی گٹکا،اسمگل جوتے اور سیگریٹ شامل ہیں جبکہ ان پر 5کروڑ کے قریب ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کئے جا رہے تھے ۔
بلوچستان سے اسمگل شدہ چھالیہ کراچی سپلائی کرنے والے بڑے نیٹ کا سراغ بھی لگایا گیا جس کے حوالے سے ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان میں ایسا نیٹ ورک بھی سرگرم ہے جس نے گزشتہ عرصہ میں ملیتھی کی درآمد کی آڑ میں سینکڑوں ٹن اسمگل شدہ چھالیہ کراچی منتقل کیا۔
ضبط شدہ اسمگل چھالیہ کی کھیپوں پر 5 کروڑ کے لگ بھگ ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کئے گئے۔اسی طرح کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائیوں میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ چھالیہ کے اسمگلروں نے طریقہ واردات تبدیل کرتے ہوئے چھوٹی کاریں اور گاڑیاں استعمال کرنی شروع کردی ہیں جن میں سوزوکی،پک اپ، لینڈ روور پک اپ اور دیگر شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پہلی کارروائی میں ڈائریکٹر طاہر قریشی کی ہدایات پر ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن گوادر کی گڈانی کسٹم ہاﺅس میں تعینات اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے سینئر انٹیلی جنس افسر محمد صادق نے اپنی ٹیم کے ساتھ اسمگلنگ کی خفیہ اطلاع ملنے پر آر سی ڈی شارع پر مرسڈیز بینز ٹرالر کا تعاقب کیا جس پر 40فٹ کنٹینر موجود تھا ۔
تاہم ڈرائیور نے گاڑی کی اسپیڈ بڑھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی اور کچھ دور جاکر گڈانی مور کے قریب گاڑی سڑک کنارے روک کر ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر جھاڑیوں میں فرار ہوگیا۔جبکہ کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو قبضے میں لیا جس کے کنٹینرز کی تلاشی لی گئی۔ جس میں ملیٹھی کی آڑ میں چھالیہ اسمگل کرنے کا انکشاف ہوا۔
جس پر کسٹمز انٹیلی جنس گوادر کی ٹیم نے ٹرالر سامان سمیت مزید کارروائی کے لئے کیمپ آفس گڈانی کسٹم ہاﺅس میں منتقل کیا جہاں مکمل تلاشی میں ٹرالر پر موجود کنٹینر سے 11ہزار کلو گرام سے زائد چھالیہ کے 520 بیگ برآمد ہوئے۔
اس کے ساتھ ہی 274 بیگ ملیٹھی کے نکلے جن میں 9590 کلو گرام ملیٹھی موجود تھی۔بر آمد شدہ چھالیہ کی مالیت 4کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے جبکہ اس پرڈیڑھکروڑ روپے سے زائد کے ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کئے جا رہے تھے ۔
ابتدائی تفتیش میںگاڑی سے بر آمد ہونے والی دستاویزات سے معلوم ہوا کہ مذکورہ سامان بلوچستان کوئٹہ سے المصطفیاینڈ برادر نامی کمپنی نے منگوانے کے بعد اس کو کراچی کے علاقے میں ماڑی پور ٹرک اڈہ کے گیٹ نمبر 6کے قریب قائم قیوم گودام پر منتقل کرنے لئے ٹرانسپورٹر کو دیا۔
یہ گودام محمد صادق نامی شخص کا ہے۔ابتدائی تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ انہی دستاویزات کی بنیاد پر گزشتہ دنوں ایسی ہی متعدد کھیپوں کو اسی کمپنی المصطفی اینڈ برادر کی جانب سے ماری پور کے قیوم گودام پر منتقل کیا گیا جس کے لئے ملیٹھی کی در آمد اور سپلائی کی کلیئرنس کے نام پر دستاویزات کسٹم ہاﺅس چمن سے جاری ہوئیں۔
اس پر مزید تفتیش کے لئے کسٹم انٹیلی جنس گوادر کی ٹیم نے کراچی کراچی قیوم گودام کا معائنہ کیا جہاں سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ گزشتہ دنوں میں اسی طرح سے گودام میں ملیٹھی کی کھیپیں لائی گئی ہیں ۔جس پر درج مقدمہ میں چمن المصطفی اینڈ برادرز، حاجی سیف اللہ پلازہ تاج روڈ چمن اور قیوم گودام کے مالکان کو نامزد کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔اور ساتھ ہی کسٹم ہاﺅس چمن کے افسران کے کردار کو بھی تحقیقات میں شامل کردیاگیا ہے ۔
اسی طرح سے ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن گوادر کی گڈانی کسٹم ہاﺅس میں تعینات اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیمکی ٹیم نے دوسری کارروائی میں خفیہ اطلاع پر اوتھل زیرو پوائنٹ لسبیلہ روڈ کے قریب کے قریب ایک مشکوک ہینو ٹرک کو روکا۔ جس پر موجود کنٹینرز کے حوالے سے ڈرائیور عبدالرازق سے سامان کی دستاویزات طلب کی گئیں۔
ڈرائیور نے اپنے پاس موجود دستاویزات پیش کیں اور ساتھ ہی بتایا کہ یہ متفرق سامان ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ این ایل سی ڈرائی پورٹ کوئٹہ سے کلیئر کرکے لایا گیا ہے ۔تاہم سامان اور ڈرائیور کو ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن گوادر کی گڈانی کسٹم ہاﺅس میں منتقل کرکے چھان بین کی گئی تو کنٹینرز میں سے متفرق سامان کے ساتھ7کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 20ہزار کلو گرام سے زائد اسمگل شدہ چھالیہ بر آمد ہوئی جس پر 4کروڑ روپے کے لگ بھگ ڈیوٹی اور ٹیس چوری کئے جا رہے تھے ۔
اسی طرح سے بھارتی گٹکے کے 4ہزار 900پیکٹ نکلے جن کی مالیت ایک کروڑ 20لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ۔جبکہ مزید بر آمد ہونے والے سامان میں ڈیڑھ کروڑ روپے کے لگ بھگ غیر ملکی جوتے اور فلیپرز بر آمد ہوئے جس پر ٹرک ڈرائیور اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اسی طرح سے ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن گوادر کی ٹیموں نے اسی ہفتے دیگر کارروائیوں میں ایک ہینو ٹرک میں سیمنٹ کی آڑ میں اسمگل کی جانے والی ساڑھے 3ہزار کلو گرام چھالیہ ضبط کرلی جس کی مالیت 60لاکھ روپے سے زائد ہے ۔
جبکہ ایک اور کارروائی میں اسمگل شدہ پائن برانڈ کے سگریٹس کے 80لاکھ روپے مالیت کے 28کارٹن ضبط کئے دونوں کارروائیوں میں ضبط کئے گئے سامان اور گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔دونوں کارروائیوں میں ضبط سامان ،ٹرالرز گاڑیوں اور کنٹینرز کی مالیت چوری شدہ ڈیوٹی اور ٹیکس کے ساتھ 20کروڑ کے قریب بنتی ہے۔