رپورٹ : عمران خان
کراچی: غیر ملکی بحری جہاز کے عملے کو ہراساں کرکے لاکھوں روپے رشوت وصولی کے الزام پر 3 ایف آئی اے اہلکار وں اے ایس آئی عطاء اللہ میمن ،ہیڈ کانسٹیبل زوہیب میمن اور کانسٹیبل ولید کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ۔ابتدائی طور پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نعمان صدیقی کی ہدایات پر مذکورہ امیگریشن اہلکاروں کو پورٹ قاسم سے بندرگاہ کی ڈیوٹی سے ہٹا کر زونل ہیڈ کوارٹرمیں پابند کردیا گیا ۔جبکہ انچارج کے کردار کے حوالے سے انکوائری مکمل ہونے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق ایف آئی اے حکام کو ایک غیر ملکی بحری جہاز کے ایجنٹ کی جانب سے ایک تحریری درخواست موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن کے پورٹ قاسم پر تعینات اسٹاف نے غیر ملکی عملے کے افراد کو بلیک میل کرکے ہزاروں یورو کی رشوت بٹور لی ۔
درخواست کے مطابق 5ستمبر کو 5سمبر کو غیر ملکی مال بردار بحری جہاز” ایم وی کالے “پورٹ قاسم کی برتھ پر لنگر انداز ہوا جس کے بعد امیگریشن کی معمول کی کارروائی کے لئے ایف آئی اے امیگریشن کے اہلکار اپنی کار میں وہاں آئے ۔ان میں سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبداللہ میمن گاڑی میں بیٹھے رہے ۔جبکہ ہیڈ کانسٹیبل زوہیب اور سپاہی وحیداوشین ورلڈ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کے افسر شپنگ ایجنٹ عبدالغنی اور ایک دوسرے ایجنٹ نعیم کے ساتھ جہاز پر گئے ۔اس دوران انہوں نے دیگر عملے کی امیگریشن کے لئے دستاویزات چیک کیں اور کپتان کے ماسٹر روم اور میس کے اندر موجود 8تکنیکی عملے کے اسٹاف کی موجود پر اعتراض کردیا کہ یہ غیر قانونی طور پر جہاز پر موجود ہیں اور پاکستان کی سمندری حدود کے اندر ہیں ۔
درخواست کے مطابق جب ایف آئی اے کے اسٹاف نے رومانیہ سے تعلق رکھنے والے ان 8تکنیکی اسٹاف کے افراد پر اعتراض کیا اس وقت ان کو بتایا گیا کہ ان کے تمام قانونی اور متعلقہ دستاویزات موجود تھیں ۔تاہم ایف آئی اے امیگریشن کے اہلکار نہ مانے اور واپس جا کر اپنے اے ایس آئی افسر کو بتایا ۔اس کے بعد جہاز کے عملے کو کہا گیا کہ ان 8افراد کے حوالے سے فی شخص 5لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
بعد ازاں اس معاملے میں ایف آئی اے اہلکاروں نے 4ہزارامریکی ڈالرزپر معاملہ حل کرنے کی ڈیمانڈ کردی ۔تاہم بات چیت کے بعد یہ معاملہ بالآخر 2ہزارڈالرز پر طے کیا گیا جوکہ5لاکھ روپے سے زائد کی رقم بنتی ہے۔درخواست کے مطابق اے ایس آئی اے کی جانب سے فون پر ہدایت دی گئی کہ سپاہی کو یہ رقم کیش دے دی جائے ۔ادائیگی کے بعد ایف آئی اے اہلکاروں نے ان 8غیر ملکی افراد کے حوالے سے ان کی دستاویزات ہونے کے باجود ایک فہرست ردوبدل کرکے اپنی امیگریشن کلیئرنس کی لسٹ بنا دی اور جہاز کے عملے کو تھما کر جہاز کو لنگر انداز ہونے کی اجازت دے دی گئی ۔