انڈس گزٹ
کراچی:بلیک مارکیٹ کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے سے ڈالر کی قدر میں مزید کمی آنے کے امکانات قوی ہونے لگے ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق ایکسچینج کمپنیاں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 305 روپے کے حساب سے خرید رہی ہیں۔ ڈالر مزید مہنگا ہونے کے منتظر ایکسپورٹرز کو بھی دھچکا لگا ہے۔ ایکسپورٹرز مال بیرون ممالک فروخت کر کے مہنگا ہونے کے انتظار میں ڈالرز نہیں لا رہے تھے۔

ایکسچینج مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈالر کی سٹے بازی کے خلاف نئے کریک ڈاو¿ن میں تیزی آنے کے بعد سے ڈالر مزید گرنے کے ڈر سے ایکسچینج کمپنیاں ڈالر کے ذخائر کم کرنے لگی ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بیچنے والوں کا رش بڑھ گیا ہے، ملکی ذخائر بہتر ہوتے ہی ڈالر کی قدر 300 روپے سے نیچے آنے کے امکانات ہیں، اس وقت انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 48 پیسے سستا ہو کر 304 روپے 50 پیسے کا ہو گیا، جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے سستا ہو کر 308 روپے کا ہو گیا ہے۔