رپورٹ: عمران خان
کراچی: اسکریپ کی آڑ میں اربوں روپے مالیت کے لگژری کمرشل سامان کی اسمگلنگ کے اسکینڈل میں دبئی سے چلایا جانے والا حوالہ ہنڈی اور کرنسی اسمگلنگ کابڑانیٹ ورک بھی سامنے آگیا ۔یہ نیٹ ورک ملک میں کراچی ،لاہور ،کوئٹہ اور پشاور تک پھیلا ہوا ہے جو کہ ملک کو زر مبادلہ کی مد میں اربوں روپے کا نقصان پہنچا چکا ہے۔

ذرائع کے بقول دبئی میں اس نیٹ ورک کا اہم سرغنہ اشفاق ہے جوکہ حوالہ ہنڈی کے ایک اور بڑے گروپ عمران موتی اور سمیر ڈھیڈی سے منسلک ہے۔اشفاق سرینا والے کے تین بھائی نعمان ،کاشف اور فیصل کراچی میں فور برادرز کے نام سے کمپنی قائم کرکے کام کر رہے ہیں۔

یہ نیٹ ورک شفیق قریشی کو مس ڈکلریشن اور اسمگلنگ کے ذریعے پاکستان کے تاجروں تک ہر ماہ پہنچائے جانے والے اربوں روپے مالیت کے لیپ ٹاپ ،موبائل فونز،ٹیبلیٹ ،کاسمیٹکس ،برانڈڈ جوتوں ،کپڑوں ،گھڑیوں اور ہوم ایمپلائنسز کے عوض حوالہ ہنڈی کی رقم منتقل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔حنیف قریشی دیرہ دبئی میں بوہری مسجد کے قریب موبائل مارکیٹ میں شفیق کارگو کے نام سے دفتر چلاتا ہے جبکہ اشفاق عرف سرینا موبائل والا عرف پنجابی دبئی میں نائف شرتہ والے روڈ پر کراچی دربار ہوٹل کے عقب میں سرینا موبائل کے نام سے قائم دکان پر کاروبار کرتا ہے۔

کراچی میں بھی اشفااق کا سرینا موبائل کے نام سے ہی کاروبار ہے۔ذرائع کے بقول اس کے تین بھائی نعمان ،فیصل اور آصف کراچی میں صدر موبائل مارکیٹ میں الہارون پلازہ میں فور برادرز کے نام سے کمپنی کا دفتر چلاتے ہیں ساتھ میں ہی ایم اے جناح روڈ پر بھی ایک آفس بنا رکھا ہے۔یہ گلشن اقبا ل میں رہتے ہیں آج کل زیادہ تر کام گھروں سے چلا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان کا پارٹنرعادل حسین پی سی ایچ ایس سوسائٹی میں رہتا ہے۔ایران اور عراق میں قافلے لے کر جاتا ہے۔اس کے پاس ہر وقت ایرانی اور عراقی کرنسی کے علاوہ دیگر ممالک کی کرنسی کی بڑی مالیت موجود رہتی ہے جبکہ زائرین کے نام پر یہ ڈالرز بھی غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرکے رکھتا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس نیٹ ورک کے سارے کارندے نعمان اور اشفاق کے ذریعے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کا ملک بھر میں بڑے پیمانے پر عرصہ دراز سے کام کرنے والے عمران موتی اور سردار خان سے منسلک ہیں۔

ذرائع کے بقول عمران موتی جو کہ ایک اور بڑے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک سمیر ڈھیڈی کا بزنس پارٹنر ہے ۔عمران موتی اور سمیر ڈھنیڈی جو کہ حوالہ ہنڈی کے حوالے سے ایف آئی اے کے متعدد مقدمات اور انکوائریوں میں زیر تفتیش رہے تاہم ایف آئی اے کے پولیس سے ڈیپوٹیشن پر آئے ایک افسر سے ان کی دوستی ہونے کے بعد سے ان کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا۔

یہ دونوں کراچی کے تاجروں ،ساستدانوں اور بیروکریٹس کو خدمات فراہم کرتے ہیں جبکہ سردار خان لاہور اور پنجاب کے علاوہ پشاور اور کوئٹہ کے تاجروں کے لئے یہی سروس دے رہا ہے ۔دبئی میں شفیق قریشی کے نیٹ ورک کے لئے حوالہ ہنڈی اور کیری کا کام کرنے والے اشفاق اور نعمان برادران عمران موتی ،سمیر ڈھیڈی ،سردار خان کے پاکستان میں اور شفیق قریشی کے دبئی میں مرکزی فرنٹ مین سمجے جاتے ہیں۔