انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ سے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے جانے والے 11 مسافر وں کو گرفتار کرکے مزید کارروائی کے لئے اینٹی ہیو من ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ائرپورٹ پر بڑی کاروائی میں 8 خواتین سمیت 11 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے عمرہ زائرین کے روپ میں جانے والے مبینہ 11 بھکاریوں کو روک کر انہیں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا ہے ،تمام مسافروں کے پاس ہوٹل بکنگ اور واپسی کا ٹکٹ جعلی تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز نمبر PF-714 سے جدہ کے لئے جانے والے گیارہ مسافروں شاہد ،کنیز،ظفر،زیدی،مجاہد،عالیہ بتول،پٹھانی،ناہید،منظوراں،لیلا کو آف لوڈ کرکے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کو منتقل کردیا ہے۔ تمام مسافروں کو مشکوک سفری دستاویزات کی وجہ سے مبینہ طور پر بھکاری سمجھا جانے کی وجہ سے سفر سے روکا گیا ہے۔امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کے پاس ہوٹل کی بکنگ اور ریٹرن ٹکٹ جعلی تھا۔تمام ملزمان کا تعلق پنجاب سے ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جا رہے تھے۔ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔