پاکستان کسٹمز کے دو سینئر افسران کی کراچی سے گمشدگی کا مقدمہ پانچ روز گزرنے کے باوجود درج نہیں کیا جا سکا۔
ساؤتھ پولیس نے روایتی حدود کا تنازع قرار دے کر معاملہ پر ضلع شرقی پولیس کو ذمہ دار قرار دے دیا۔
سپریٹنڈنٹ طارق محمود اور یاور عباس جمعہ سات جولائی کی شام اپنے دفاتر سے گھر کے لیے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے، افسران کے اہلخانہ کے رابطے پر دی گئی درخواست پر ساؤتھ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
حوالے سے سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ لاپتہ کسٹمز انفورسمنٹ میں تعینات افسران طارق محمود اور یاور عباس کے موبائل فون شارع فیصل پر کارساز کے قریب بند ہوئے۔
دونوں موبائل فونز 7 جولائی کی شام 7 بجکر 32 منٹ پر کارساز کے قریب بند ہوئے، وقوعہ کو پانچ روز گزر جانے کے باوجود پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج نہیں کیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق کسٹمز افسران کے اغوا کا وقوعہ کراچی ایسٹ ڈسٹرکٹ پولیس کے علاقے میں ہے، اہلخانہ کو کراچی ایسٹ پولیس سے رجوع کرنے کا کہہ دیا ہے۔