انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: ایف آئی اے کراچی نے عمرہ زائرین کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی دھندا کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے ذریعے عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیوں کے انکشاف پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو کراچی کے علاقے گرومندر سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ٹریول ایجنسی کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا اور عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اوردیگر اخراجات کی ادائیگیاں بھی حوالہ ہنڈی کے ذریعےکرتا تھا۔
ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی اور چھاپے کے دوران ملزم سے 63 لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی روپےجبکہ 6355 امریکی ڈالراور 176250 عراقی دینار بھی برآمد ہوئے۔ملزم کےزیراستعمال موبائل فون سے سعودی عرب رقوم منتقل کرنے کے پیغامات بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ گرفتار ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکا،حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ کیس کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔