انڈس گزٹ رپورٹ
اسلام آباد : ایف بی آر کے ملازمین کا الاؤنسز میں 140 اضافے کا مطالبہ۔ایف بی آر ایمپلائز یونین آل پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کا دائرہ ملک بھر کے ایف بی آر دفاتر تک پھیل گیا ۔جس میں اب مطالبات نہ منظور ہونے کی صورت میں قلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی گئی ہے ۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ملازمین نے الاؤنسز میں الاؤنسز میں 140 اضافے کے مطالبے کے ساتھ ملک بھر میں احتجاج کیا ۔ایف بی آر ایمپلائز یونین آل پاکستان کے عہدیداروں کے مطابق ایف بی آر کے احتجاج کرنے والے ملازمین کا تعلق گریڈ 1 سے 16 سے ہے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ قلم چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہو جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام ریجنل ٹیکس آفسز اور لارج ٹیکس پیئر یونٹس کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
احتجاجی ملازمین کا شکوہ تھا کہ وزیراعظم کے متعارف کردہ نئے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم میں بھی صرف افسران کو مراعات دی گئی ہیں جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے اہلکاروں کو اس سے محروم رکھا گیا ہے۔
اس ضمن میں ایف بی آر ایمپلائز یونین آل پاکستان کے مرکزی چیئرمین طاہر خاکوانی نے ملتان ریجن میں ہونے والے احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی نمائندہ یونین ایف بی ار کی غیر منصفانہ، غیر مساویانہ، امتیازی، ظالمانہ اور ملازمین کش پالیسیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث نان کیڈر ملازمین اور افسر مظلوم طبقہ بن کر رہ گئے ہیں جن کا گزارہ صرف تنخواہوں پر ہے جبکہ سی ایس ایس کلاس پر حکومت کی نوازشات ہی نوازشات ہیں۔گریڈ 17 سے 21 کے افسروں کو تنخواہوں کے مساوی الانسز دیے جا رہے ہیں۔جبکہ پوائنٹ اف سیل کی رقوم میں سے حصہ دیا جا رہا ہے
طاہر خاکوانی کے مطابق بالا افسران کو نئے ماڈل کی جدید اور مہنگی گاڑیاں ملکیتی بنیادوں پر فراہم کی گئی ہیں اور لاکھوں روپے کے پرفارمنس الانس اور ریوارڈ دیے جا رہے ہیں۔
یونین کی کال پر لاہور، کراچی ،روالپنڈی، اسلام اآباد،ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، خانیوال، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ راجن پور ،وہاڑی لودہراں ، بہاول نگر میں بھی مطالبات کی منظوری کے لیے ایف بی ار ملازمین نے احتجاجی مظاہرے کئے۔یونین ذرائع کے مطابق مطالبات کی منظوری کے لیے علامتی ہڑتال اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔