انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی:جعلی اور ایف ای ڈی کی عدم ادائیگیوں کی حامل سگریٹس کے خلاف کریک ڈاو¿ن میں ایف بی آر آرٹی او 2کراچی کی ٹیموں نے چھاپوں میں ڈیڑھ سے 2 کروڑ مالیت کے 210سگریٹ کے کارٹن ضبط کئے۔جنہیں گزشتہ روز نذر آتش کرکے تلف کردیا گیا ۔
اس ضمن میں کمشنر ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس ٹو کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر طارق حسین شیخ ،کمشنر عابد میمن اور ڈپٹی کمشنر نعمت اللہ بھٹو دیگر افسران اور عملے کے ساتھ موجود تھے ۔کمشنر طارق حسین شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایف بی آر کی مخصوص فیلڈ فارمیشنز کو سیگریٹ ،چینی ،سیمنٹ اور کھاد کی صنعتوں کی پیداوار کو مانیٹر کرنے اور اس میں ٹیکس چوری روکنے کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔
اسی سلسلے میں گزشتہ ہفتوں کے دوران آر ٹی او ٹو کی 11ٹیموں کی جانب سے ریٹیلرز، ہول سیلرز اور ڈسٹریبیوٹر کے خلاف کریک ڈاو¿ن کیا گیا۔اس کریک ڈاﺅن میں جعلی سگریٹس کے خلاف جنوری اور اپریل میں 2 بڑے آپریشن بھی کئے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان متواتر کارروائیاںلانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، گلستانِ جوہر، ملیر کے علاقوں میں کی گئیں ۔ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ اسی کریک ڈاﺅن میں ضبط کئے جانے والے اسمگل شدہ ،نان کسٹم پیڈ اور جعلی سگریٹس کی بھاری مقدار پکڑی گئی جس کو ایڈ جیوڈی کیشن کی کارروائی کے بعد اب قانون کے مطابق تلف کیا جارہا ہے ۔
ایف بی آر افسران کے مطابق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے نان کسٹمز و ایکسائز ڈیوٹی سگریٹس کی نشاندہی ہوتی ہے۔اسی کو یقینی بنانے کے لئے آئی آر ایس انفورسمنٹ کو نان ٹیکس پیڈ سگریٹس فرٹیلائزر چینی سیمنٹ ضبط کرنے کے اختیارات سونپے گئے ہیں۔اس سسٹم کے تحت سگریٹس چینی سیمنٹ فرٹیلائزر کی بوریوں پر ٹیکس پیڈ اسٹکرز چسپاں ہوتے ہیں۔جبکہ ایف بی آر کی جانب سے ان صنعتوں کی مصنوعات کے پیکٹ اور بوریوں پر ٹیکس پیڈ بار کوڈ نہ ہونے پر مصنوعات ضبط کیا جاتا ہے۔