رپورٹ : عمران خان
کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس نے چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کی ہزاروں اسمگل شدہ گھڑیاں ضبط کرلیں ۔کارروائی کے بعد مقدمہ درج کرکے سامان اصل مالک کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی ٹیم کو خفیہ موصول ہوئی کہ کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر واقع تائی روشن ٹریڈ سینٹر کے ایک گودام میں اسمگل کی جانے والی غیر ملکی گھڑیوں کی بھاری مقدار ڈمپ کی گئی ہے ۔مذکورہ اطلاع پر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی ٹیم نے چھاپہ مار کر 2ہزار 703کلائی گھڑیاں ضبط کرلیں ۔جن میں رولیکس،راڈو،اومیگا سمیت مختلف معروف برانڈز کی کلائی گھڑیاں شامل تھیں۔

اس موقع پر تین افراد موجود پائے گئے ۔یہ افراد برآمدہونے والی گھڑیوں سے متعلق قانونی درآمدکے دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے ۔تاہم انہوں نے اپنا تعارف سید احسن کاظمی ،نبیل جاوید اور سید مرتضیٰ کے ناموں سے کروایا اور سامان سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور خود ملازم ظاہر کیا ۔

کسٹمز کارروائی کے بعد بھی گھڑیوں کا کوئی دعویدار سامنے نہیں آیا ۔تاہم ابتدائی تفتیش کے دوران سید احسن کاظمی، نبیل جاوید اور سید مرتضیٰ محمد نامی افراد نے انکشاف کیا کہ سامان کا مالک وجاہت محمد ہے جوکافی عرصے سے اسمگلنگ کے کاروبار سے منسلک ہے۔

اس معاملے پر ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے باقاعدہ مقدمہ درج کرکے ملوث ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔