انڈس گزٹ رپورٹ

کراچی: ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی ٹیم نے ماڑی پور کے علاقے میں واقع نجی گودام میں کنٹینر سے 20 کروڑ روپے مالیت کے اسمگل شدہ لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک سامان برآمد کرکے تفتیش شروع کردی۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض چدھڑ کے ذریعے مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ اسمگل شدہ سامان کی بھاری مقدار ایک کنٹینر میں رکھی گئی ہے اور کنٹینر ماڑی پور کے ایک نجی گودام میں چھپایا گیا ہے۔

اس معلومات کی روشنی میں ڈائریکٹر کسٹمز کسٹمز انٹیلی جنس انجینئر حبیب کی ہدایت پر کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے مذکورہ علاقے کی نگرانی کرتے ہوئے مزید معلومات اکٹھی کیں اور کامیابی سے کنٹینر کا سراغ لگا لیا گیا۔

بعدازاں کسٹمز ٹیم نے کنٹینر کو قبضے میں لے کر اس کی جانچ پڑتال کی تو اس کے نتیجے میں اسمگل شدہ لیپ ٹاپس اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔

اس کارروائی میں برآمد ہونے والے اسمگل شدہ سامان کی مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

سامان ضبط کرنے کے بعد کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی جانب سے اسمگلنگ کی اس کوشش کے منصوبہ سازوں، فنانسرز اور عمل درآمد کرنے والوں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔