انڈس گزٹ رپورٹ
گوجرانوالہ:ایف آئی اے کی ٹیم پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کو سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار اپنے ساتھ لے گئی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد اور لاہور کی ٹیم گوجرانوالا پہنچی تھی۔ ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے نے صنم جاوید کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم صنم جاوید کو سینٹرل جیل سے لیکر روانہ ہوگئی۔

ذرائع نے بتایاکہ صنم جاوید کو ایف آئی اے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہناتھاکہ صنم جاوید کی گرفتاری ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ نے کی، انہیں گوجرانوالہ سے گرفتار کرکے اسلام آباد لایا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق صنم جاوید کو پیکا ایکٹ کے مختلف مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو جیل سے فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق صنم جاوید کے وکلا عدالتی احکامات کے ساتھ جیل پہنچے۔ جیل انتظامیہ نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا ۔تاہم ان کی رہائی سے قبل ہی انہیں گرفتار کرنے کے لئے پہنچنے والی ٹیم پولیس کی بھاری کے ساتھ گوجرانوالہ جیل کے باہر کھڑے تھے جو صنم جاوید کو رہا ہوتے ہی ساتھ لے گئے۔

صنم جاوید کی رہائی اور گرفتاری کے وقت گوجرانوالہ جیل آنے اور جانے والے تمام راستے آٹھگھنٹے تک بند رہے۔

گرفتاری کے لئے آنے والی ٹیم اور پولیس نے صنم جاوید کی دوبارہ گرفتاری کے وقت کسی کو بھی حتیٰ کہ اہل خانہ کو بھی صنم جاوید کے پاس پہنچنے نہیں دیا ۔