انڈس گزٹ رپورٹ

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پشاور رنگ روڈ کے قریب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے سرکاری اسپتالوں سے چوری کی گئی ادویات بھاری مقدار میں برآمد کرلیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پنجاب کے محکمہ صحت کے کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے سرکاری اسپتالوں کے مریضوں کے لئے خریدی گئی کروڑوں روپے مالیت کی ادویات مقامی ڈیلروں کو فروخت کرکے بھاری منافع بٹور لیا گیا۔

اس کارروائی کے حوالے سے ترجمان ایف آئی کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے پشاور زون نے خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ پر واقع گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں سے اسمگل شدہ ادویات برآمد ہوئیں۔

 کارروائی کے دوران سرجیکل آلات کے 19 کارٹن بھی برآمد ہوئے جو پنجاب حکومت کے تھے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی ادویات کی مالیت لاکھوں روپے ہے جبکہ برآمد شدہ کارٹن کی فروخت ممنوع تھی۔

ترجمان ایف آئی نے کہا ہے کہ کارروائی کے بعد ملزمان کے خلاف انکوائری درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔