انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: غیر ملکی سفارت خانے کے نام پر منگوائے گئے سامان میں 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی شراب اسمگلنگ پکڑی گئی۔
ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ پورٹ قاسم کی ٹیم نے ابتدائی کارروائی میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
تحقیقات میں غیر ملکی سفارت خانوں کے کوائف استعمال کرکے مسلسل غیر ملکی شراب اسمگل کرنے والے پورے گروپ کا سراغ لگا کر گرفتاریوں کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ پورٹ محمد بن قاسم کی ٹیم کو معلوم ہوا کہ ایک غیر ملکی سفارت خانے کے نام پر ایک کنٹینر بیرون ملک سے منگوایا گیا ہے۔
مذکورہ اطلاعات پر متعلقہ سفارت خانے کو مراسلہ ارسال کرکے تصدیق کی گئی تو متعلقہ سفارت خانے نے درآمدی سامان سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
سفارت خانے سے تصدیق کے بعد مزکورہ کنٹینر کی جانچ پڑتال کی گئی۔ جس میں انکشاف ہوا کہ گھریلو سامان کے بجائے مختلف اقسام کی غیر ملکی شراب اس کنٹینر میں چھپا کر لائی گئی تھی۔ جس کی مالیت آٹھ کروڑ اڑتالیس لاکھ اسی ہزار روپے ہے۔
کنٹینر سے شراب برآمد ہونے کے بعد کسٹمز قوانین کے مطابق کارروائی میں اس معاملے پر مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
تحقیقات میں کسٹمز پورٹ قاسم کی ٹیم نے واردات میں ملوث ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کے لئے عدالت میں پیش کیا گیا۔
جہاں سے عدالت نے ملزم کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر کسٹمز کے حوالے کر دیا۔
ابتدائی تفتیش میں کسٹمز پورٹ قاسم کے افسران نے شراب کی اسمگلنگ میں ملوث پورے گروہ کا سراغ لگانے کے لئے کارروائی شروع کردی ہے۔