آن لائن لون کمپنی ”سرمایہ مائیکرو فنانس“،”ایزی لون “اور ”بھروسہ لون ایپ“کے دفتر میں دھمکی آمیز کالز کے لئے 6مختلف سیکشن قائم تھے ۔ایف آئی اے تحقیقات میں انکشاف
اطلاعات کے مطابق روالپنڈی کے شہری مسعود کی خودکشی کے بعد آن لائن لون ایپس کے خلاف تحقیقات میں ڈپٹی ڈائرکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل روالپنڈی چوہدری عبدالرﺅف نگرانی میں انسپکٹربدر بشیر کی ٹیم نے اسلام آبادسیدپور روڈ پر آن لائن لون ایپس کے دفاتر پرچھاپے مار کر ریکارڈ قبضے میں لیا گیا اورمقامی پلازہ میں قائم سرمایہ کمپنی کے تین دفاتر سیل کئےگئے۔
بلیک میلنگ میں ملوث آن لائن لون ایپس کے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔مقدمہ میں 19دیگر ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو انہی دفاتر میں کام کر رہے تھے ۔ان میں سرمایہ او قرضہ کمپنیوں کے انتظامیہ اور مالکان بھی شامل ہیں ۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نے شہریوں کو بلیک میل کرنے کے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو کال کرنے کا ٹارگٹ دیا جاتا تھا۔
آن لائن کمپنی میں مختلف سیکشن بنے ہوئے تھے، متاثرہ شہریوں کے دوستوں اور ان کے رشتے داروں کو کالز کرتے تھے جب کہ ان دفاترمیں دھمکی آمیز کالیں کرنے کے لئے علیحدہ سیکشن بنے ہوئے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے بتایا کہ ہرسیکشن کوکالزکرنے کے الگ الگ کام سونپے جاتے تھے۔یہ سیکشن ڈی زیرو، ڈی 1، ڈی 2، ڈی ایس 1، ڈی ایس 2 اور ڈی ایس3 کے نام سےچلائے جا رہے تھے ۔
لون ایپس کے ذریعے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاتی تھی۔جبکہ ذاتی ڈیٹا لے کر متاثرہ شہریوں کو ہراساں کیا جاتا تھا۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں دستاویزات، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس اور سمز برآمد کی گئی ہیں۔