رپورٹ: عمران خان

کراچی: کسٹمز کراچی کی خصوصی عدالت میں کیس کی پیروی کے دوران ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی خاتون پراسیکیوٹر جج کی سخت سرزنش کے باعث بے ہوش ہوگئی۔ واقعہ کو دبانے کے لئے ایف آئی اے کی خاتون پراسیکیوٹر کو اندر ہی بیٹھا کر ہوش میں لانے اور منانے کی کوششیں کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی خاتون پراسیکیوٹر حالیہ نئے بیچ کی بھرتی ہیں اور ان دنوں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے کیسوں کی عدالتوں میں پیروی کے لئے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی کے ساتھ اٹیچ ہیں۔

زرائع کے مطابق مذکورہ افسر آج ایک کیس کے سلسلے میں کسٹمز کورٹ کراچی میں پیش ہوئیں جہاں پیشی کے دوران جج کی جانب سے ان کے ساتھ انتہائی سخت رویہ اپنایا گیا اور ان کی اتنی سرزنش اور تنبہہ کی گئی کہ خاتون کی تاب نہ لاتے ہوئے کورٹ روم میں حالت غیر ہوگئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑیں۔

ذرائع کے مطابق اس غیر متوقع صورتحال پر جج سمیت عدالتی عملہ پریشان ہوگیا ان کی دوڑیں لگ گئیں۔ تاہم معاملے کھل جانے کے ڈر سے خاتون افسر کو اندر ہی ہوش میں لانے کی کوششیں کی گئی اور انہیں چیمبر میں بٹھا کر منایا جانے لگا۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں کسٹمز کورٹ کراچی کے مذکورہ جج کے حوالے سے ایسے رویہ کی متعدد اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔ جن میں سرکاری افسران کے ساتھ درشتگی کے ساتھ پیش آنے کے ساتھ ہی افسران کو سزا کے طور بٹھائے رکھنے اور لاک اپ کروانے کے واقعات بیان کئے گئے۔