رپورٹ : عمران خان
کراچی:مشکوک پائلٹ لائسنس اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایف آئی اے کراچی نے زیر تفتیش تمام مقدمات کا مکمل ریکارڈ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام سابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے خلاف جاری انکوائری کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے۔
ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی ہدایات پر کراچی سرکل کی جانب سے تمام متعلقہ ایف آئی آرز، چالانز اور عدالتی کارروائی کی تفصیلات اسلام آباد ارسال کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت وفاقی کابینہ کی خصوصی ہدایات کے بعد عمل میں آئی ہے، جس کا مقصد غلام سرور خان کے بیان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے قومی و بین الاقوامی بحران کی چھان بین ہے۔
یاد رہے کہ سال 2020 میں غلام سرور خان نے قومی اسمبلی کے فلور پر انکشاف کیا تھا کہ 150 پاکستانی پائلٹس نے جعلی لائسنس حاصل کیے، جس کے بعد نہ صرف قومی ایئر لائن پی آئی اے بلکہ دیگر ملکی فضائی ادارے بھی شدید دباؤ میں آ گئے تھے۔ یورپی یونین، برطانیہ اور امریکہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر پروازوں کی پابندی عائد کر دی تھی، جس سے ملک کی ہوابازی صنعت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔
ان دعوؤں کے بعد 262 پائلٹس کے لائسنس معطل کیے گئے اور ایف آئی اے کو معاملے کی باقاعدہ تحقیقات سونپی گئی تھیں۔ تحقیقات کے نتیجے میں متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے، کئی گرفتاریاں ہوئیں اور جعلی اسناد کا سراغ لگایا گیا۔
اب جب کہ تمام شواہد اور ریکارڈ مرکزی دفتر منتقل ہو چکے ہیں، توقع کی جا رہی ہے کہ غلام سرور خان کے خلاف انکوائری میں تیزی آئے گی، اور یہ کیس ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گا۔