ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے شارع فیصل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 9کروڑسے زائدمالیت کے الیکٹرک لائٹر ویپ (الیکٹرک سگریٹ)ضبط کرلئے۔
کارروائی کے بعد گرفتار ملزما ن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی کو شاہراہ فیصل، کراچی میں واقع ایک عمارت میں اسمگل شدہ ویپس کی بھاری مقدار کی موجودگی کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات موصو ل ہوئیں ۔
جس پر ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس انجینئرحبیب کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹراے ایس اوانعام اللہ وزیرکی سربراہی میں افسران واہلکاروں پرمشتمل ٹیم کی جانب سے فوری کارروائی کی گئی ۔
جس میں منگل کے روز یعنی 11 جولائی 2023 کو انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم نے عمارت پر چھاپہ مار کر مکمل تلاشی لی ۔جس کے نتیجے میں عمارت سے تقریباً 20ہزار 88کے لگ بھگ برانڈڈ کمپنیوں کے اسمگل شدہ(الیکٹرک سگریٹس) ویپس ،ان ویپس میں استعمال ہونے والے ایک ہزار 378کلو گرام مختلف لوازمات اور 578لیٹر وہ فلیور بر آمد ہوئے جو کہ ان ویپس میں استعمال کیا جاتا ہے۔
کسٹمز ذرائع کے بقول مذکورہ عمارت میں موجودمالک پکڑے جانے والے سامان کی قانونی درآمد کو ظاہر کرنے والی کوئی دستاویز پیش نہیں کرسکا ۔کسٹمز کی جانب سے عمارت کے مالک کو مزید تفتیش کے لئے حراست میں لے کر سامان کے ساتھ کسٹمز انٹیلی جنس کے دفتر میں منتقل کیا ۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نےاعتراف کرتے ہوئے ان راستوں اور افراد کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔ جن کے ذریعے یہ اسمگل شدہ ویپس حاصل کئے گئے تھے۔جس پر ایف آئی آر درج کرکے اس میں مالک سمیت دیگر متعلقہ ملزمان کو نامزد کردیا گیا۔جن کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
کسٹمز حکام کے مطابق یہ اب تک ملک میں اسمگل شدہ ویپس (الیکٹرک سگریٹس) کی برآمدگی کے حوالے سے سب سے بڑی کارروائی ہے۔جس میں قومی خزانے کو ڈیوٹی اور ٹیکس کی میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والی سپلائی چین کو بے نقاب کیا گیا ہے۔