انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کی ٹیموں نے دو مختلف کارروائیوں میں 6 کروڑ روپے مالیت کا،اسمگل شدہ پلاسٹک میٹریل اور ایرانی تیل ضبط کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط مقصود عباسی کو خفیہ ایجنسی سے ملنے والی اطلاع پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے سندھ پولیس کے تعاون سے کامیاب آپریشن کے نتیجہ میں ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اے ایس او محمد رضا نقوی کی سربراہی میں ناردرن بائی پاس مارگلہ سٹی کے قریب قائم اجمیر پٹرول پمپ پر چھاپہ مارکر اسمگل شدہ 24000 لٹرز ایرانی ڈیزل اور مزدا ٹرک جس کی کل مالیت ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے ہے تحویل میں لے کر ضبط کیا۔ ضبط شدہ ایرانی ڈیزل اور مزدا ٹرک کو اے ایس او کے گودام منتقل کر دیا گیا کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
اسی طرح دوسری کارروائی میں خفیہ اطلاع پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے کامیاب کاراوائی میں کورنگی انڈسٹریل ایریا میں قائم گودام پر چھاپہ مارکر اسمگلڈ شدہ 55000 کلو گرام پلاسٹک سلنگ فلم تحویل میں لے کر ضبط کی۔ ضبط شدہ اسمگلڈ پلاسٹک سلنگ فلم کی مالیت چار کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔ ضبط شدہ پلاسٹک سلنگ فلم کو کرائے پر حاصل کردہ 8 مزدا ٹرک کے ذریعہ اے ایس او کے گودام منتقل کر دیا گیا۔