رپورٹ: عمران خان

کراچی: کسٹمز ایکسپورٹ کراچی کلکٹریٹ نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی میں 60کروڑ روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث کمپنی کے گودام پر چھاپہ مار کر مقدمہ درج کرلیا ۔کمپنی کے مالک آصف انعام کوکراچی ایئر پورٹ سے تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ۔

ملنے والی معلومات کے مطابق کسٹمز کلکٹریٹ ایکسپورٹ کراچی عرفان جاوید کو رپورٹ موصول ہوئی کہ اے کے برادرز نامی کمپنی نے خود کو برآمدکنندہ کی حیثیت سے رجسٹرڈ کروا رکھا تھا ۔

مذکورہ کمپنی کا ویئر ہاﺅس نیو کراچی صنعتی ایریا میں ظاہر کیا گیا ۔ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ کمپنی نے 2021میں ایکسپورٹ میٹریل بنانے کے لئے لیڈیز فیبرک ،چادر کا کپڑا،ایمبرائیڈری سوٹ وغیرہ بھاری تعداد میں ایکسپورٹ فیسلٹی اسکیم کے تحت در آمد کئے ۔تاہم گزشتہ 3برسوں کے دوران اس کمپنی نے اس سامان سے تیار کردہ کسی قسم کا سامان بر آمد نہیں کیا ۔

مذکورہ رپورٹ پر کلکٹر کی ہدایات پر چھان بین شروع کی گئی ۔کسٹمز ٹیم نے کمپنی کے گودام پرمعائنے کے لئے وزٹ کیا تاہم اسے سکیورٹی گارڈز نے روک دیا ۔بعد ازاں اعلیٰ حکام سے منظوری لے کر باقاعدہ چھاپہ مارا گیا ۔

اس تفتیش میں انکشاف ہوا کہ کمپنی نے ایکسپورٹ فیلسٹی اسکیم کے تحت در آمد کئے گئے سامان کو مقامی مارکیٹ میں کھپا کر 64کروڑ روپے سے زائد کے ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کئے ۔جس پر کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔اور کمپنی مالکان کی گرفتاریوں کی کارروائی شروع کی گئی ۔جبکہ کمپنی مالک کے کوائف ملکی داخلی اور خارجی راستوں پر بھی فراہم کردئے گئے۔

اسی سلسلے میں گزشتہ روز کمپنی کے مالک آصف انعام کو کراچی ایئر پورٹ آنے پر گرفتار کرلیا گیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔